طرابلس11جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اردوکے مشہور شاعر اسد اللہ خاں غالب نے شاید ایسے موقع کے لئے ہی یہ کہا تھا کہ چند تصویر بتاں، کچھ حسینوں کے خطوط ۔۔۔ بعد مرنے کے مرے گھر سے یہ سامان نکلا۔ یہ شعر بالی ووڈ کی باربی ڈول کٹرینہ کیف کی لیبیا کے مقتول مرد آہن کرنل معمر القذافی کے ہمراہ 15 سال پرانی ایک تصویر کی ان دنوں میڈیا گردش پر حرف بہ حرف صادق آتا ہے، جس میں وہ کرنل قذافی کے پہلو میں بیٹھی نظر آ رہی ہیں۔یاد رہے کہ کترینہ کیف نے کیرئیر کی ابتدا نہایت کم عمری میں ماڈلنگ سے کی۔ بے پناہ خوبصورتی اور معصوم حسن کے باعث کترینہ کا شمار جلد ہی سپر ماڈلزمیں ہونے لگا۔ اپنی خوبصورتی کے باعث کترینہ جلد ہی پوری دنیا میں مشہور ہوگئیں اور دنیا بھر سے انہیں فیشن شوز میں مدعو کیا جانے لگا۔
ایسے ہی ایک فیشن شو میں شرکت کرنے کیلئے کٹرینہ کیف دیگرماڈلزکے ہمراہ لیبیاگئیں جہاں ان کی ڈکٹیٹر کرنل قزافی کے ساتھ15سال قبل لی گئی تصویر سوشل میڈیاپروائرل ہو گئی۔ماضی کی سپر ماڈل شمیتا سنگھا نے بقول بھارتی میڈیا اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر کٹرینہ کیف اور کرنل قذافی کی 15سال قبل لی گئی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں کٹرینہ کیف کرنل قذافی کے پہلومیں بیٹھی مسکرا رہی ہیں، جبکہ ان کے ساتھ دیگر ماڈلز کے ساتھ اداکارہ نیہا دھوپیا بھی نظر آرہی ہیں۔ شمیتا نے تصویر کے ساتھ پیغام درج کیا کہ 15سال قبل جب ہم ایک فیشن شو میں شرکت کیلئے لیبیا گئے تھے اس وقت کرنل قذافی نے ہمیں ملاقات کا شرف بخشا تھا یہ ایک یادگار دورہ تھا جسے ہم کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔
اس دورے میں کترینہ کیف بھی ہمارے ساتھ تھیں تاہم انہیں اس دورے کے بارے میں کچھ یاد ہے یا نہیں اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتیں۔تصویر میں دیگر ماڈلز بھی موجود ہیں لیکن کترینہ کے معصوم حسن اور دلکش خد وخال کے باعث نظر صرف ان کے چہرے پر ہی ٹکتی ہے۔ شاید یہ ہی وجہ ہے کہ کرنل قذافی نے انہیں اپنے برابر میں بٹھایا ہے۔ فی الحال کٹرینہ کیف کی جانب سے کرنل قذافی کے ساتھ لی گئی اس تصویر سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔